
الیکشن کمیشن میں ووٹ کی رازداری کیس کی سماعت جاریاسلام آباد:(10 اگست،2018) الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف ووٹ رازداری کیس کی سماعت جاری ہے، چیف الیکشن کمشنر سماعت کررہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سردار رضا کیس کی سماعت کررہے ہیں، گذشتہ روز چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے عمران خان کے خلاف ووٹ کی رازداری ظاہر کرنے کے از خود نوٹس کی سماعت کی اس موقع پر عمران خان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے عمران خان کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا جس میں کہا گیا کہ عمران خان نے جان بوجھ کرووٹ نہیں دکھایا، ان کی مرضی سے ووٹ کی تصاویر بھی نہیں لی گئیں، رش کے باعث مہر لگانے والی جگہ کا پردہ گرگیا تھا۔جواب میں استدعا کی گئی ہے کہ ووٹ دکھانے میں میرے مؤکل کی مرضی شامل نہیں لہٰذا ووٹ کی رازداری افشا کرنے والا کیس ختم کرکے این اے ترپن سے روکا گیا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے،جس پر الیکشن کمیشن نے بابر اعوان کی جانب سے تحریری جواب جمع کرانے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کیا۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے وکیل بابر اعوان کی جانب سے جمع کرایا گیا تحریری جواب مسترد کردیا اور چیئرمین تحریک انصاف سے بیان حلفی سمیت ان کا دستخط شدہ معافی نامہ طلب کرلیا،الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ عمران خان معافی نامہ اپنے دستخط کے ساتھ جمع کروائیں، کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ انتخابات والے دن اسلام آباد کے حلقہ 53 میں عمران خان نے اپنے دوستوں اور کارکنان کی موجودگی میں سرعام بیلٹ پیپر پر ووٹ کاسٹ کیا جو کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی تھیگذشتہ روز پریذائیڈنگ آفیسر حاجی نور محمد نے الیکشن کمیشن کو بھجوائی گئی رپورٹ میں کہا تھا کہ عمران خان ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوئے تو ان کے ہمراہ ڈیرھ سو سے زائد میڈیا اور دوسرے افراد بھی داخل ہوگئے۔ عمران خان نے ووٹ پر مہر لگانے کیلئے پردے کے پیچھے جانے کی متعدد مرتبہ کوشش کی مگر ہجوم کے باعث وہ نہیں جاسکے۔ عمران خان نے مذکورہ صورت حال میں کہا کہ میری وجہ سے پولنگ کاعمل رک گیا ہے اس لیے یہی پر کھڑے ہو کر مہر لگا دیتا ہوں۔
Tags
Pakistan News