سندھ حکومت کا پبلک ٹرانسپورٹ اور چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کا فیصلہ
کراچی: سندھ حکومت نے اندرونِ شہر ٹرانسپورٹ سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم انٹراسٹی ٹرانسپورٹ کی بحالی کے لیے ایس اوپی بنائی جائے گی۔
ذرائع سندھ حکومت کے مطابق وفاقی وزیر اسدعمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اجلاس میں سندھ حکومت نے اپنی تجاویز پیش کیں، اجلاس میں وزیر ریلوے شیخ رشید نے ٹرین سروس کی بحالی کا مطالبہ کیا تاہم سندھ سمیت تمام صوبوں نے ٹرین آپریشن بحال کرنے کی مخالفت کردی۔
اجلاس میں لاک ڈاؤن میں نرمی کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ سندھ حکومت نے تجویز دی کہ مکمل کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کے بجائے مرحلہ وار کیا جائے اور دیہی علاقوں میں دکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے۔
سندھ حکومت نے پہلے مرحلے میں چھوٹی مارکیٹس کھولنے اور بڑے شہروں میں تجارتی مراکز فی الحال نہ کھولنے کی تجویز دی ہے جب کہ سندھ حکومت نے عیدالفطر کے لئے بھی ایس او پیز بنانے کی تجویز دی۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے اندرونِ شہر ٹرانسپورٹ سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم انٹراسٹی ٹرانسپورٹ کی بحالی کے لیے ایس اوپی بنائی جائے گی، وفاق کو سفارشات پیش کرنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے وزراء کا اجلاس طلب کرلیا۔
اجلاس اب سے کچھ دیر بعد وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوگا، لاک ڈاؤن اور پابندیوں سے متعلق صوبوں کی تجاویز پر حتمی فیصلہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں ہوگا۔
Tags
Latest News