انتخابات میں کوئی گڑبڑ ہوئی تو نتائج خطرناک ہونگے، خورشید شاہسکھر: (22 جولائی 2018) پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ملک کے اندرونی اور بیرونی حالات اچھے نہیں ہیں، اس لئے یہ انتخابات ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اگر انتخابات میں کوئی گڑبڑ کی گئی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے۔روہڑی کے قریب چھوارا مارکیٹ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا خواہش ہے کہ انتخابات شفاف ہوں اطلاعات تھیں کہ الیکشن کے دن گنتی میں گڑ بڑ کی جائے گی۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ووٹوں کی گنتی میں کسی قسم کی گڑبڑ نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ آج آسمانی مخلوق آگئی ہے اور اوپر سے لوگ اتر کر آئے ہیں اور آپ سے ووٹ مانگ رہے ہیں لیکن اس بار عوام کو ان پیروں میروں اور فقیروں کے جھانسے میں نہیں آنا چاہیے کیونکہ یہی لوگ عوام کو بیچ دیتے ہیں۔خورشید شاہ نے کہا عوام سے ووٹ مانگنے والے بتائیں کہ 30 سال سے وہ کہاں تھے جب لوگ سیلاب میں ڈوب رہےتھے تو وہ کہاں تھے اب ووٹ لینے آگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عوام سرداروں سے کچھ لیتے نہیں ہیں تو پھر ان سے ڈرتے کیوں ہیں۔
Tags
Latest News