
پشاور( 24نیوز ) قومی احتساب بیورو ( نیب ) خیبرپختونخوا نے چیئرمین تحریک انصاف
عمران خان کو ہیلی کاپٹر کیس میں 7 اگست کو طلب کرلیا۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 74 گھنٹے دو سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیے اور اس حوالے سے پوچھ گچھ کے لیے انہیں ذاتی حیثیت میں 7 اگست کو طلب کیا گیا ہے، سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور ایوی ایشن حکام سے بیانات پہلے ہی قلمبند کیے جاچکے ہیں۔ یاد رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے عمران خان کی جانب سے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کا 2 فروری کو نوٹس لیا تھا۔ نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سرکاری ہیلی کاپٹر ایم ا?ئی 17 پر 22 گھنٹے اور ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے پرواز کی اور اوسطاً 28 ہزار روپے فی گھنٹہ کے حساب سے 74 گھنٹوں کے 21 لاکھ 7 ہزار 181 روپے ادا کیے۔اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ایک رپورٹ کے مطابق عمران خان اگر پرائیوٹ کمپنیوں سے ہیلی کاپٹرز حاصل کرتے تو ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ خرچ 10 سے 12 لاکھ روپے جب کہ ایکیوریل ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ خرچ 5 سے 6 لاکھ روپے ادا کرنا پڑتا۔یاد رہے چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے اعلان کیا جاچکا ہے کہ جس بھی رکن پر نیب کیس ہوگا اس کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا اور نہ کوئی اہم عہدہ دیا جائے گا۔
Tags
Latest News