آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک، ایک فوجی جوان شہید


ٓپریشن ردالفساد کے تحت سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع آواران میں کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی رمز علی شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آواران کے قریب جھاؤ کے علاقے میں بی ایل ایف کے دہشت گردوں کے خلاف خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد رواں سال مشکئی میں فوجی قافلے پر حملہ کرنے میں ملوث تھے, اس حملے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوئے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آوران کے قریب کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی رمز علی نے جام شہادت نوش کیا جبکہ ایک اور جوان نائیک یعقوب زخمی ہوا۔شعبہ تعلقات کے مطابق 24 سالہ رمز علی شہید کا تعلق صوبہ سندھ کے علاقے خیرپور مراس سے تھا۔ خیال رہے کہ پاک فوج کی جانب سے گزشتہ برس ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ردالفساد کا آغاز کیا تھا اور اس آپریشن کا مقصد ملک کو اسلحے سے پاک کرنا اور دہشت گردی کا بلاامتیاز خاتمہ اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔اس آپریشن کے دوران بلوچستان اور وزیرستان سمیت قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا تاہم مختلف مواقع پر دہشت گردوں کی جانب سے فورسز پر حملے کیے جاتے ہیں۔ 

Post a Comment

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

Previous Post Next Post