لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے این اے 130 میں ووٹ ڈالا ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا پاکستان کی اکثریت مسلم لیگ ن کو ووٹ دینا چاہتی ہے۔ انشا اللہ جیت کر پاکستان کی خوشحالی کا سفر شروع رکھیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام جمہوریت کے لئے ووٹ ڈالنے آئیں کیونکہ آج مسلم لیگ (ن) کی جیت کا دن ہے۔ نواز شریف اور مریم بیٹی نیب کے متنازعہ فیصلہ کے باوجود گرفتاری دینے ملک آئے ہیں۔ خیال رہے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ آج ہو رہی ہے، جہاں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ قومی اسمبلی کی 270 جب کہ چاروں صوبوں کی 570 نشستوں پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔ انتخابی عمل میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 12 ہزار 570 امیدوار میدان میں ہیں۔
Tags
Latest News