لاہور: قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ آج ہو رہی ہے، جہاں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ قومی اسمبلی کی 270 جب کہ چاروں صوبوں کی 570 نشستوں پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔ انتخابی عمل میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 12 ہزار 570 امیدوار میدان میں ہیں۔ قومی کی 2 اور صوبائی اسمبلیوں کی 6 نشستوں پر مختلف وجوہات کی بناء پر انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں جب کہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 6 سے پیپلز پارٹی کے میرشبیر بجارانی الیکشن سے قبل ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ حق رائے دہی کے لیے ملک بھر میں 85 ہزار 252 پولنگ اسٹیشنز جبکہ 2 لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کئے گے ہیں۔ جس میں سے 17 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ انتخابات کے لئے مجموعی طور پر 21 کروڑ بیلٹ پیپر چھاپے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے لئے سبز جب کہ صوبائی اسمبلی کے لئے سفید بیلٹ پیپر استعمال ہو گا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار بیلٹ پیپرز میں سیکیورٹی فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ اس مرتبہ پہلی بار تعلیمی اداروں کے علاوہ دوسرے اداروں سے بھی ملازمین کو انتخابی ڈیوٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ سے 6 ہزار سے زائد اساتذہ کو الیکشن ٹریننگ کرائی گئی ہے۔ پنجاب صوبہ پنجاب آبادی کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔ یہاں قومی اسمبلی کی 141 جب کہ صوبائی اسمبلی کی 297 نشستوں پر انتخابات ہونا تھے تاہم مختلف وجوہات کی وجہ سے قومی اسمبلی کی 139 اور صوبائی اسمبلی کی 295 نشستوں پر براہ راست انتخابات ہو رہے ہیں۔ قومی اسمبلی کے لیے 3 ہزار 675 جب کہ صوبائی اسمبلیوں کے لیے 8 ہزار 895 امیدوار میدان میں ہیں۔ انتخابات کیلئے 47 ہزار 473 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ اے کیٹیگری پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 6 ہزار335 ، بی کیٹیگری پولنگ اسٹیشن کی تعداد 16 ہزار 944 جب کہ سی کیٹیگری پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 24 ہزار 201 ہے۔ الیکشن ڈیوٹی پر 2 لاکھ 59 ہزار سے زائد پولیس افسر اور اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جب کہ پاک فوج کے جوان اور افسران اس کے علاوہ ہیں۔
Tags
Latest News