انتخابی مہم کا آخری روز؛ ملک بھر میں جلسے، جلوس، ریلیاں


کراچی —پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے گیارہویں عام انتخابات کے لیے جاری انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گی اور ایک روز کے وقفے کے بعد بدھ کو ملک بھر میں قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔انتخابی مہم کے آخری روز ملک بھر میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور مختلف حلقوں میں امیدوار اور سیاسی جماعتوں کے قائدین جلسوں اور کارنر میٹنگز سے خطاب کر رہے ہیں۔انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد کوئی امیدوار کوئی عوامی سرگرمی یا اجتماع منعقد نہیں کرسکے گا جب کہ ذرائع ابلاغ پر بھی سیاسی جماعتوں کے اشتہارات نشر اور شائع کرنے پر پابندی ہوگی۔دریں اثنا ملک بھر میں بدھ کو ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تیاریاں حتمی مرائل میں داخل ہوگئی ہیں اور بیلٹ پیپرز اور دیگر انتخابی مواد کی حلقوں کو ترسیل کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔انتخابی عمل کو فول پروف بنانے کی غرض سے پولیس اور رینجرز کے ساتھ ساتھ فوج سے بھی مدد لی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق آٹھ ہزار نیوی اور ائیر فورس کے جوانوں سمیت تین لاکھ 71 ہزار 388 فوجی اور تین لاکھ 82 ہزار پولیس اہلکاروں نے پیر کو انتخابات کی سکیورٹی کی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔ 

Post a Comment

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

Previous Post Next Post